Urdu Totkay for Health & Beauty

صحت مند جسم خوبصورت چہرہ کے لیے ٹوٹکے

ہم میں سے کون ہے جو صحت، تندرستی اور خوبصورتی کا طالب نہیں ہے؟ یقینی طور پر یہ ہر شخص کی خواہش ہے۔ لیکن ہماری آج کل کی تیز رفتار زندگی اور ہماری مصروفیات ہمیں اس طرف توجہ ہی نہیں دینے دیتی کہ کیسے ہم اپنے معمولات میں تبدیلی لا کر اپنی زندگی کو بدل سکتے ہیں۔

حارث بن کلدہ عرب کا ایک معروف حکیم حاذق گزرا ہے وہ کہا کرتا تھا کہ جو شخص پرمسرت زندگی کا خواہش مند ہو اسے چاہیے کہ صبح سویرے جاگے۔ قرض سے بچے۔ غصے کی حالت میں کھانا نہ کھائے۔ ایک غذا کے ہضم ہونے سے پہلے دوسری غذا کا استعمال نہ کرے۔ صحت کی حالت میں دوا کو چھوئے تک نہیں اور بیماری کی علامات نمودار ہوں تو اس کے جڑ پکڑنے سےپہلے دوا کرلو۔پانی کے بارے میں اس نے کہا کہ پانی جسم کیلئے لازم و ملزوم ہے لیکن اسے اعتدال سے استعمال کرنا چاہیے اورپانی صاف و شفاف پینا چاہیے۔

اس کے علاوہ اگر آپ چاہتے ہیں کہ چہرہ خوشنما اور خوبصورت ہو جائے، آنکھوں کے نیچے سے حلقے ختم ہوجائیں اور نظر کی کمزوری دور ہوجائے تو ذیل میں کچھ ٹوٹکے دیے جارہے ہیں جن کو آزما کر آپ اپنی ان پریشانیوں سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔

آنکھوں، جسمانی اور دماغی کمزوری کو دور کرنے کے لیے

گری بادام ایک چھٹانک اسطخودوس آدھی چھٹانک دھنیا آدھا چھٹانک خشخاس ایک چھٹانک سونف ایک چھٹانک مصری حسب ضرورت ورق چاندی حسب ضرورت دانہ چھوٹی الائچی حسب ضرورت

اگر مصری کی بجائے خالص شہد استعمال کرلیں تو یہ نہایت ہی خوش ذائقہ معجون بن جائے گی۔ ان سب چیزوں کو ملا کر پیس لیں اور اچھی طرح مکس کر لیں۔

خوراک: بعد از غذا صبح‘ دوپہر‘ شام ایک چمچہ چائے والا استعمال کریں۔

خوبصورت رنگت آنکھوں کے حلقے ختم

رات کو پانچ عدد بادام کی گریاں پانی میں بھگودیں‘ صبح سویرے چھلکا اُتار کر نہار منہ ایک ایک بادام چبا کر اس طرح کھائیں کہ لعاب دہن (تھوک) کے ساتھ مل جائے۔ اس کے بعد ایک کپ دودھ بغیر بالائی کے پی لیں‘ رنگت نکھرے گی اور ان شاء اللہ آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے آہستہ آہستہ دورہوجائیں گے۔